عصر حاضر میں اُمت مسلمہ کو درپیش مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ اسلامی بینکاری نظام کی تشکیل ہے۔ اس میدان میں اگرچہ کافی پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی بھی بے شمار فقہی مسائل میں رہنمائی درکار ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس موضوع پر دستیاب معلومات میں تشنگی محسوس کرتے ہوئے اُمتِ مسلمہ کی بالعموم اور قانونِ اسلامی سے متعلقہ لوگوں کی بالخصوص رہنمائی کے لیے ’’الانتقال بین المذاہب‘‘ کے موضوع پر علمی و تحقیقی شہ پارہ تخلیق کیا ہے۔
اسلامی نظام بینکاری میں پیش آمدہ مسائل کا حل آپ نے ’’تقلید المذہب‘‘ کی بجائے ’’الانتقال بین المذاہب‘‘ کو قرار دیا ہے۔اس مایہ ناز تصنیف میں آپ نے قرآن و حدیث سے دلائل کے ساتھ حضور نبی اکرم ﷺ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عمل مبارک اور ائمہ و فقہاء کی تصریحات سے ثابت کیا ہے کہ عبادات اور نجی زندگی کے مسائل کے علاوہ اگر کوئی مسئلہ عصری اور بین الاقوامی مسائل سے متعلق ہو اور جس کا حل ایک مذہب فقہ سے میسر نہ ہو تو اُس کے حل کے لیے دوسرے فقہی مذہبِ سے رہنمائی لینا نہ صرف جائز ہے بلکہ بعض حالات میں ناگزیر ہے۔ اسلامی بینکاری کے نظام سے وابستہ افراد کے لیے یہ کتاب ایک مکمل گائیڈ بک کی حیثیت رکھتی ہے جو ان کو قدم قدم پر علمی و فکری رہنمائی سے نوازتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے روشنی بکھیرتی رہے گی۔