اسلام کے حقیقی اصولوں کی روشنی میں نسلِ نو کی تربیت آج کے والدین کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں۔ ’بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت میں والدین کا کردار‘ کے عنوان سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افادات پر مشتمل سلسلہ تعلیماتِ اسلام کا دسواں سنگِ میل’رحمِ مادر سے ایک سال کی عمر تک‘ کے بچوں کی نگہداشت اور تربیت کے حوالے سے منصہ شہود پر آچکا ہے۔ یہ بھی حسبِ سابق والدین کی اپنے بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے مرکزی کردار کی حامل تصنیف ہے۔ اس حوالے سے بچوں کو اوائل عمری ہی سے دینِ اسلام کی طرف راغب کرنے کے نسخہ ہاے کیمیاء تحریر کیے گئے ہیں، جن کی روشنی میں نسلِ نو کو اسلام کے آفاقی رنگ میں رنگنے کے خاطر خواہ انتظامات مرتب کیے گئے ہیں۔