تصوف کا لغوی اشتقاق اور معنوی استحقاق
’تصوف کا لغوی اشتقاق اور معنوی استحقاق‘ ایک ایسی جامع، مربوط اور مبسوط کتاب ہے جس میں تصوّف، صوفی اور ولی کی جامع تعریفات بیان کرتے ہوئے دلائل و براہین سے ثابت کیا گیا ہے کہ تصوّف عہدِ نبوی اور عہد صحابہ سے شروع ہونے والا ایک سلسلۃ الذہب ہے۔ یہ کتاب واضح کرتی ہے کہ تصوّف کی اصطلاح تابعین اور اتباع التابعین کے دور میں مقبول، متداول اور مشہور تھی۔ قرن اَوّل میں تابعین یا سلف صالحین میں سے کسی ایک نے بھی تصوّف اور صوفیاء کا انکار نہیں کیا اور نہ ہی اسے دین اسلام کی اصل تعلیمات سے انحراف اور قرآن و سنت کے منافی و مخالف قرار دیا ہے۔
اس کتاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ناقدین اور منکرینِ تصوّف کے تمام اِعتراضات و اِشکالات کو حدیث، تفسیر، فقہ اور تصوّف کے ائمہ کی توضیحات اور فرمودات کی روشنی میں ردّ کیا ہے اور تصوّف کے معنوی اِستحقاقات کو مستند شواہد کی بنا پر واضح کیا ہے۔ اس کتاب کو پڑھنے کے بعد قاری اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ تصوّف کا منبع اور سرچشمہ کتاب و سنت ہے۔ اس کی اساس اور بنیاد میں کسی خارجی، غیر عربی یا غیر اسلامی کلچر اور فلسفے کا سرے سے کوئی دخل نہیں ہے۔ کتاب میں تصوّف میں دَر آنے والی غیر اِسلامی رسومات پر بحث کرتے ہوئے نام نہاد صوفیاء کی نشان دہی بھی کی گئی ہے تاکہ ان سے اپنا دین و ایمان بچایا جاسکے۔