اس تالیف میں سب سے پہلے حصولِ علم اور طلبِ احادیث کے لیے صحابہ کرام و تابعین عظام رضی اللہ عنہم، ائمۂ کرام اور سلف صالحین کے طویل، مشکل، کٹھن لیکن مبارک اَسفار کے احوال بھی بیان کیے گئے ہیں۔ اِس کے بعد مذاکرۂ حدیث کی اَہمیت پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین و تبع تابعین کے اَحوال درج کیے گئے ہیں۔ اِس ضمن میں اَوائلِ عہدِ نبوی میں کتابتِ حدیث کی ممانعت کے حکم پر مفصل تحقیقی بحث کی گئی ہے۔ بعد ازاں حضور نبی اکرم ﷺ کا اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو حدیث و سنت تحریر کرنے کی اجازت اور حکم فرمانے پر کافی و شافی دلائل دیے گئے ہیں۔ کتابتِ حدیث کے حوالے سے اکابر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اَقوال و معمولات بھی درج کیے گئے ہیں۔ آخر میں تدوینِ حدیث میں حضرت عمر بن عبد العزیز اور امام ابنِ شہاب زہری کی عظیم خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔