بارگاہِ اُلوہیت میں دُعا و اِلتجاء کرنا اللہ ;کے محبوب و مقرب بندوں کا ہمیشہ سے پسندیدہ عمل رہا ہے۔ فطرتِ اِنسانی کے اندر یہ اَمر ودیعت کیا گیا ہے کہ پریشانیوں کے ہجوم میں وہ اپنے مالکِ حقیقی کی طرف متوجہ ہو، مصائب و آلام اور تکالیف و مشکلات کے وقت وہ خالقِ حقیقی کو اپنی مدد کے لیے پکارے۔ یہی وجہ ہے کہ جب تمام ظاہری سہارے منقطع ہو جائیں، اَسباب و وسائل ختم ہو جائیں اور یار و مددگار جواب دے جائیں تو بے بس و مجبور انسان کے نہاں خانۂ دل سے فریاد نکلتی ہے اور اس کے ہاتھ خود بخود کسی ایسی ہستی کی طرف اُٹھ جاتے ہیں جہاں سے اسے داد رسی اور مدد و اِعانت کا یقین ہوتا ہے۔
اِس کتاب میں نہ صرف دُعا کے فضائل، شرائط، آداب اور مقبول اَوقات بیان کیے گئے ہیں بلکہ ضروری حد تک قرآنی اور مسنون دُعاؤں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے ایک ایسا تحفہ ہے کہ جو بھی اسے خلوص و للہیت اور طلبِ خیر کی نیت سے پڑھے گا وہ اِن شاء اللہ ضرور اِس سے مستفید و مستنیر ہو گا۔