آیت الکرسی کو اعظم الآیات کہا گیا ہے، اس مین جن صفاتِ خداوندی کو بیان کیا گیا ہے ان میں سے ہر ایک اسلامی نظامِ حیات کے اساسی اصولوں میں ایک اصول پر مشتمل ہے۔ اسلام کا اساسی اور بنیادی عقیدہ ’عقیدۂ توحید‘ ہے اور یہ اسلامی نظامِ زندگی کی شہہ رگ ہے۔ اس کے بغیر دیگر عقائدِ اسلامی کی صحیح تشریح ہوسکتی ہے اور نہ نفسِ انسانی کے مسلمہ حقائق سے ہم آہنگ ہوا جاسکتا ہے۔ حدیث میں اس کو قرآن کی سب سے افضل آیت قرار دیا گیا ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی مکمل معرفت بیان کی گئی ہے ۔ چونکہ اس میں اللہ کی کرسی کا ذکر ہے اسی نسبت سے مشہور ہے۔" کرس" کے معنی عربی لغت میں کسی چیز کی جمی جمائی تہ کے ہیں۔ اس سے کرسی کا لفظ بنا جو بیٹھنے کی جگہ یا چیز مثلاً تخت وغیرہ کے لیے استعمال ہوا۔ بیٹھنے کی جگہ یا چیز جب کہ وہ کسی صاحبِ اقتدار کے لیے خاص ہو اس کے اقتدار کا مرکز ہوتی ہے۔ اس وجہ سے کرسی کا لفظ اقتدار کی تعبیر کے لیے بھی استعمال ہونے لگا۔ وَسِعَ كُرْسِـيُّهُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ کے معنی ہوئے کہ اس کا اقتدار آسمانوں اور زمین کے تمام اطراف و اکناف پر حاوی ہے۔ کوئی گوشہ اور کونہ بھی اس کے دائرہ اقتدار سے الگ نہیں ہے۔ خدا کے تصور کے بارے میں انسانوں کے عقائد و نظریات خواہ کتنے ہی مختلف ہوں لیکن جن سچی حقائق کی بنیاد پر زمین و آسمان کا نظام قائم ہے وہ یہی ہے جو اس آیت میں بیان کی گئی ہے۔ انسانوں کی غلط فہمیوں سے اس حقیقت میں ذرہ برابر کوئی فرق نہیں آتا۔
زیرِ نظر کتاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عقیدہ و عمل کی تطہیر کا ہر ایک پہلو پوری تفصیل کے ساتھ بیان کیا ہے۔ اس کتاب سے مصنف کی دقتِ نظری، وسعتِ مطالعہ اور مجتہدانہ طرزِ احساس کا پتہ چلتا ہے۔ علاوہ ازیں آپ کے دل نشین اسلوبِ کلام، منطقی طرزِ استدلال اور جوشِ بیان کا بھی بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
فہرست ابواب
🔹 حصہ اول : آیت الکرسی کے فضائل
🔹 حصہ دوم : اللّٰہُ لَا اِلٰہَ اِلاَّ ھُوَ کا معنٰی
🔹 حصہ سوم : اِلٰہ کا معنی
🔹 حصہ چہارم : اَلْحَيُّ کا معنی
🔹 حصہ پنجم : اَلْقَیُّومُ کے معانی و مطالب
🔹 حصہ ششم : لَا تَاخُذُہ سِنَۃٌ وَّلَا نَوْم کا معنٰی
🔹 حصہ ہفتم : لَہ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ کا معنٰی
🔹 حصہ ہشتم : مَنْ ذَا الَّذِیْ یَشْفَعُ عِنْدَہ اِلاّٰ بِاِذْنِہ کا معنٰی
🔹 حصہ نہم : مسئلہ شفاعت کی شرعی حیثیت
🔹 حصہ دہم : یعلم ما بین ایدیھم وما خلفھم کا معنی
🔹 حصہ یازدہم : وَلَا یُحِیْطُوْنَ بِشَیْئٍ مِّنْ عِلْمِہ اِلاَّ بِمَا شَآءَ کا معنٰی
🔹 حصہ دوازدہم : آیت الکرسی اور مسئلہ علمِ غیب
🔹 حصہ سیزدہم : علمہ کا مفہوم
🔹 حصہ چہاردہم : وَسِعَ کُرْسِیُّہُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ کا معنٰی
🔹 حصہ پانزدہم : وَلَا یَؤُوْدُہ حِفْظُھُمَا وَھُوَ الْعَلِیُّ الْعَظِیْمُ کا معنٰی
🔹 حصہ شانزدہم : آیت الکرسی اور عقیدئہ توحید