اس کتاب میں مستند دلائل و براہین کی روشنی میں جامع انداز کے ساتھ رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام اور قرابت داران کی طہارت و پاکیزگی اور ان کامقام و مرتبہ بیان کیا گیا ہے۔ اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام کی شان میں نازل ہونے والی مختلف آیات مبارکہ اور ان کے اطلاق پر مختلف اقوال کا تفصیلی بیان اس کتاب کی زینت ہے۔ مختلف نصوص اور اَقوال کی روشنی میں اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام کے مفہوم پر بحث کرتے ہوئے ثابت کیا گیا ہے کہ اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام سے مراد اُمہات المومنین اور اَہلِ کساء یعنی فاتحِ خیبر حضرت علی، سیدۃ نساء العالمین حضرت فاطمۃ الزہراء اور نوجوانانِ جنت کے سردار حضرات حسنین کریمین علیھم السلام ہی ہیں۔ نیز اس تصنیف میں عظمتِ اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام بیان کرنے کے ساتھ ساتھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اَئمہ سلف صالحین کی اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام سے حد درجہ محبت اور وارفتگی کی کیفیات بھی اِحاطۂ تحریر میں لائی گئی ہیں۔ ان کیفیات کو تحریر کرنے کا مقصدِ سعید یہ ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اَہلِ بیتِ اَطہار علیھم السلام کے درمیان استوار محبت، الفت، عقیدت اور باہمی احترام سے آگہی حاصل ہو اور اس حوالے سے پھیلائی گئی ذہنی پراگندگی اور بدعقیدگی کا اِزالہ ممکن کیا جا سکے۔ کتاب کے آخر میں اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام اور قرابت دارانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و مناقب پر منتخب احادیث کو جامع انداز سے مرتب کیا گیا ہے۔ اَہلِ بیت اَطہار علیھم السلام کے فضائل اور ان کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے تعلقات کے حوالے سے یہ کتاب اپنی مثال آپ ہے۔
کتاب کو درج ذیل عنوانات کے ساتھ تقسیم کیا گیا ہے:
🔹 آیت تطہیر سے متعلق بیان
🔹 اہل بیت اطہار سے متعلق آیت مودّت کا بیان
🔹 اہل بیت اطہار علیہم السلام کی شان میں وارد ہونے والی دیگر آیات کا بیان
🔹 صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور ائمہ کا اہل بیت اطہار علیہم السلام کی حد درجہ تعظیم و محبت کا بیان
🔹 اہل بیت اطہار علیہم السلام اور رسول ﷲ ﷺ کے اقرباء کے فضائل