سوال و جواب کے انداز میں لکھی گئی یہ تالیف سلسلہ تعلیمات اسلام کی دوسری کتاب ہے جو چار ابواب پر مشتمل ہے۔ اس میں دین اسلام کے حوالے سے اٹھنے والے ایک سو تریسٹھ (105) سوالات کا تسلی بخش جواب دیا گیا ہے۔
اس میں کوشش کی گئی ہے کہ زندگی کے اہم گوشوں پر حتی المقدور دینی راہنمائی کا اہتمام کیا جائے۔ عقائد و اعمال اور روز مرہ کے مسائل حیات پر اتنی آسان پیرائے میں اتنی معلومات پر مشتمل کوئی کتاب ہماری نظروں سے نہیں گزری۔ یہ کتاب کئی اعتبار سے منفرد قرار دی جاسکتی ہے مثلاً اس میں سادگی کے ساتھ ساتھ جدت کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔ قبل ازیں اس نوعیت کی کتب میں سے اردو زبان میں رکن دین جیسی کتب موجود تھیں مگر تغیر پذیر احوالِ حیات نے بہت سے ایسے مسائل پیدا کر دیئے ہیں جو ان کتب میں موجود ہی نہیں۔ اس کتاب کی دوسری اور اہم ترین خصوصیت یہ ہے کہ اس میں زبان و بیان کو حتی الامکان آسان اور سھل بنا دیا گیا ہے۔ تاکہ ایسے خواتین و حضرات بھی اس کا مطالعہ آسانی سے کرسکیں جو محض اردو پڑھنا جانتے ہوں۔ اس کتاب کی تیسری خصوصیت یہ ہے کہ اس میں معلومات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ علمی اور تحقیقی معیار کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ جہاں ضروری سمجھا گیا ہے حوالہ بھی دے دیا گیا ہے تاکہ مزید تفصیل طلب خواتین حضرات اصل مصادر تک بھی رسائی حاصل کرسکیں۔