پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تصنیف "سورۃ یوسف: قیادت اور حکمرانی کے قرآنی اُصول" قرآن، مینجمنٹ اور لیڈرشپ سیریز کی چوتھی اہم کتاب ہے۔ اس کتاب میں سورۂ یوسف کی تعلیمات کی روشنی میں مؤثر قیادت، حکمرانی، حکمتِ عملی، صبر و استقامت، وژن، کردار سازی، بحران مینجمنٹ اور فیصلہ سازی کے قرآنی اُصول نہایت جامع انداز میں بیان کیے گئے ہیں۔ یہ تصنیف قرآنی رہنمائی کی بنیاد پر جدید قیادت اور انتظامی مہارتوں کو سمجھنے کے لیے ایک منفرد اور قابلِ قدر علمی کاوش ہے۔
- سیدنا یوسف علیہ السلام کی کہانی دراصل ہر درد مند اور صاحبِ بصیرت اِنسان کی کہانی ہے۔
- یہ کتاب سورۃ یوسف کو محض ایک تاریخی حکایت کے طور پر نہیں بلکہ انسانی زندگی، نفسیات، اَخلاقی اِستقامت، قیادت سازی، بحران کی بہترین تنظیم اور روحانی خود آگہی کے مکمل سفر کے طور پر پیش کرتی ہے۔
- سورۃ یوسف کا یہ مطالعہ قاری کو یہ احساس دلاتا ہے کہ آزمائشیں رکاوٹ نہیں بلکہ اللہ کی تدبیر کا حصہ ہوتی ہیں، اور صبر، حکمت اور اعتماد کے ساتھ یہی آزمائشیں انسان کو منزلِ مقصود تک پہنچا دیتی ہیں۔
- پروفیسر حسن قادری اِس سے قبل ’دستورِ مدینہ‘ پر اپنی نادر و منفرد تحقیق میں ریاستِ مدینہ اور نظامِ مصطفیٰ کے خدوخال کو نہایت محققانہ اُسلوب میں اجاگر کر چکے ہیں۔ اُسی علمی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اب آپ نے ’نظامِ یوسف‘ پر تاریخی نوعیت کا یہ گراں قدر کام انجام دیا ہے، جس میں مینجمنٹ اور لیڈرشپ کے تمام اُصول اور خدوخال براہِ راست قرآنِ حکیم کی آیاتِ بیّنات سے اَخذ کیے گئے ہیں۔
- پروفیسر حسن قادری نے قرآنی بیانیے کی گہرائی کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے واضح اور مربوط انداز میں پیش کیا ہے کہ یہ کتاب ایک ساتھ روحانی مطالعہ، فکری راہ نُمائی اور عملی تربیت کا ذریعہ بن جاتی ہے۔
- طلبہ، اساتذہ، محققین، تربیتی ماہرین، کارپوریٹ لیڈرز اور عام قارئین سب اِس میں اپنے لیے روشنی پائیں گے۔
- یہ کتاب آپ کو صرف سیدنا یوسف علیہ السلام کی کہانی نہیں سناتی، یہ آپ کو اپنی کہانی سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔