شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی یہ کتاب جہاد بالنفس یعنی جہاد اکبر کے موضوع پر ہے۔ اس تصنیف لطیف میں انہوں نے اس امر کو واضح کیا ہے کہ جہاد محض جنگ کا نام نہیں بلکہ اسلام نے تصور جہاد کو بڑی وسعت عطا کی ہے۔ انفرادی سطح سے لے کر اجتماعی اور قومی سطح سے لے کر بین الاقوامی سطح تک امن و سلامتی، ترویج و اقامت حق اور رضا الہی کے حصول کے لیے مومن کا اپنی تمام تر جانی ، مالی، جسمانی، لسانی اور ذہنی و تخلیقی صلاحیتیں صرف کر دینا جہاد ہے۔
زیر نظر کتاب کے پہلے باب میں جہاد کے لغوی و شرعی مفاہیم کو بالتفصیل بیان کرنے کے بعد دوسرے باب میں جہاد اکبر کی مختلف اقسام آئمہ و سلف صالحین کی کتاب سے بیان کی گئی ہیں۔ تیسرے سے نویں باب تک جہاد اکبر کی مختلف اقسام و جزئیات کو آیات بینات، آحادیث مبارکہ اور آئمہ و محدثین کے اقوال و آراء کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔