یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا ہر حکم شریعت اور آپ ﷺ کا ہر قول و عمل اِسلام ہے اور اس کی مخالفت کفر ہے۔ اسی لیے قرآنِ مجید میں آپ ﷺ کی نسبت یہ حکم وارد ہوا ہے: ’’اور جو کچھ رسول ( ﷺ ) تمہیں عطا فرمائیں اُسے لے لیا کرو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں (اُس سے) رُک جایا کرو۔‘‘ (الحشر، 59 : 7)
قرآنِ حکیم کے بعد ہمارے لیے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ سرورِ کائنات ﷺ کی احادیث مقدسہ ہیں جس کے مبلغ کے لیے رحمتِ عالم ﷺ نے خصوصی دعا فرمائی ہے: ’’اللہ تعالیٰ اُس مردِ مومن کو رونق و تازگی بخشے جس نے میری حدیث سنی، پھر اسے یاد رکھا اور بعینہ اُسے آگے پہنچایا۔‘‘ (جامع ترمذی)
چنانچہ حضور نبی اکرم ﷺ کی اِس مبارک دعا کا مصداق بننے اوردنیوی و اُخروی برکات سمیٹنے کے لیے ہر دور میں اَئمہ کرام نے اپنے اپنے ذوقِ علمی اور اس دور کی ضرورت کے مطابق مختلف موضوعات پر چالیس احادیث کے مجموعے مرتب کیے ہیں۔
شیخ الااسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی دور حاضر کے عظیم محدث، مجدد اورسچے عاشقِ رسول ﷺ ہیں۔ آپ پوری اُمتِ مسلمہ کو حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت جیسی سعادت و نعمت سے آشنا کروانا وقت کی اہم ایمانی ضرورت سمجھتے ہیں۔ آپ شب و روز اسی فکر میں لگے رہتے ہیںکہ امت کا ہر فرد حضور نبی اکرم ﷺ کے کمالاتِ معنوی اور جمالِ ظاہری سے ذہناً اور قلباً وابستہ ہو جائے۔ علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ امتیاز عطا فرمایا ہے کہ آپ نے اُمت کے ہر مرض کے اَسباب کی نہ صرف درست تشخیص کی بلکہ اس کا مناسب علاج بھی تجویز فرمایا۔ آپ نے دورِ جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام و خواص دونوں کی علمی و فکری رہنمائی اور عقیدہ و عمل کی پختگی کے لیے احادیث مبارکہ سے خوب استفادہ کیا اور 100 کے قریب چھوٹے بڑے مجموعہ ہائے احادیث مرتب کیے۔ زیرِ نظر مجموعۂ حدیث ’فضائل و کرامات۔۔۔ احاديث نبوی کی روشنی میں‘ ہے، اس میں حضور نبی اکرم ﷺ، آپ ﷺ کے اہل بیت اور قرابت داروں، خلفائے راشدین، صحابہ کرام، امام مہدی علیہ السلام، ائمہ و فقہاء، مجتہدین اور مختلف مقامات کے مناقب پر 261 احادیث جمع کی گئی ہیں۔
فہرست
🔹 فصل 1 : حضور نبی اکرم ﷺ کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 2 : حضور ﷺ کے اہل بیت اور قرابت داروں کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 3 : خلفائے راشدین اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 4 : مناقب امام مہدی علیہ السلام کا بیان
🔹 فصل 5 : ائمہ فقہاء مجتہدین رضی اللہ عنہم کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 6 : اولیاء و صالحین رضی اللہ عنہم کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 7 : اولیاء و صالحین رضی اللہ عنہم کی محبت کا بیان
🔹 فصل 8 : اولیاء و صالحین رضی اللہ عنہم کی زیارت اور صحبت کا بیان
🔹 فصل 9 : اہل جنت کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 10 : کرامات اولیاء رضی اللہ عنہم کا بیان
🔹 فصل 11 : امت محمدی ﷺ کے مناقب کا بیان
🔹 فصل 12 : مناقب مکہ مکرمہ کا بیان
🔹 فصل 13 : مناقب مدینہ منورہ کا بیان
🔹 فصل 14 : بعض اماکن اور شہروں کے مناقب کا بیان