یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا ہر حکم شریعت اور آپ ﷺ کا ہر قول و عمل اِسلام ہے اور اس کی مخالفت کفر ہے۔ اسی لیے قرآنِ مجید میں آپ ﷺ کی نسبت یہ حکم وارد ہوا ہے: ’’اور جو کچھ رسول ( ﷺ ) تمہیں عطا فرمائیں اُسے لے لیا کرو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں (اُس سے) رُک جایا کرو۔‘‘ (الحشر، 59 : 7)
قرآنِ حکیم کے بعد ہمارے لیے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ سرورِ کائنات ﷺ کی احادیث مقدسہ ہیں جس کے مبلغ کے لیے رحمتِ عالم ﷺ نے خصوصی دعا فرمائی ہے: ’’اللہ تعالیٰ اُس مردِ مومن کو رونق و تازگی بخشے جس نے میری حدیث سنی، پھر اسے یاد رکھا اور بعینہ اُسے آگے پہنچایا۔‘‘ (جامع ترمذی)
چنانچہ حضور نبی اکرم ﷺ کی اِس مبارک دعا کا مصداق بننے اوردنیوی و اُخروی برکات سمیٹنے کے لیے ہر دور میں اَئمہ کرام نے اپنے اپنے ذوقِ علمی اور اس دور کی ضرورت کے مطابق مختلف موضوعات پر چالیس احادیث کے مجموعے مرتب کیے ہیں۔
شیخ الااسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی دور حاضر کے عظیم محدث، مجدد اورسچے عاشقِ رسول ﷺ ہیں۔ آپ پوری اُمتِ مسلمہ کو حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت جیسی سعادت و نعمت سے آشنا کروانا وقت کی اہم ایمانی ضرورت سمجھتے ہیں۔ آپ شب و روز اسی فکر میں لگے رہتے ہیںکہ امت کا ہر فرد حضور نبی اکرم ﷺ کے کمالاتِ معنوی اور جمالِ ظاہری سے ذہناً اور قلباً وابستہ ہو جائے۔ علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ امتیاز عطا فرمایا ہے کہ آپ نے اُمت کے ہر مرض کے اَسباب کی نہ صرف درست تشخیص کی بلکہ اس کا مناسب علاج بھی تجویز فرمایا۔ آپ نے دورِ جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام و خواص دونوں کی علمی و فکری رہنمائی اور عقیدہ و عمل کی پختگی کے لیے احادیث مبارکہ سے خوب استفادہ کیا اور 100 کے قریب چھوٹے بڑے مجموعہ ہائے احادیث مرتب کیے۔ زیرِ نظر مجموعۂ حدیث ’انسانی حقوق و آداب … احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں‘ ہے، اس میں مختلف انسانی طبقات کے حقوق پر 206 احادیث جمع کی گئی ہیں۔
فہرست
🔹 فصل 1 : مومنوں کے حقوق کا بیان
🔹 فصل 2 : حسن اخلاق کا بیان
🔹 فصل 3 : مشکلات میں لوگوں کے کام آنے پر ثواب کا بیان
🔹 فصل 4 : والدین کے ساتھ نیک سلوک اور صلہ رحمی کا بیان
🔹 فصل 5 : بڑوں اور چھوٹوں کے حقوق کا بیان
🔹 فصل 6 : خاندان اور اولاد کے حقوق کا بیان
🔹 فصل 7 : اعزہ و اقرباء پر صدقہ کرنے کا بیان
🔹 فصل 8 : جامع حقوق کا بیان
🔹 فصل 9 : ملاقات اور سلام کے آداب کا بیان
🔹 فصل 10 : آداب گفتگو کا بیان
🔹 فصل 11 : کھانے پینے کے آداب کا بیان
🔹 فصل 12 : مسلمان کے مسلمان کے ساتھ معاملات کا بیان
🔹 فصل 13 : لباس کے آداب کا بیان
🔹 فصل 14 : مجلس میں بیٹھنے کے آداب کا بیان
🔹 فصل 15 : آداب سفر کا بیان
🔹 فصل 16 : مرحومین اور جنازہ کے حقوق کا بیان
🔹 فصل 17 : زیارت قبور کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 18 : جامع آداب کا بیان