نجومِ ہدایت میں سب سے بلند خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم کا مقام ہے، بعد ازاں عشرہ مبشرہ کے بقیہ چھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا مرتبہ آتا ہے۔ یہ وہ عظیم طبقہ ہے جسے رسولِ اَقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی حیاتِ طیبہ میں ہی جنتی ہونے کی بشارت دے دی تھی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جنتی ہونے کی بشارات کا یہ سلسلہ صرف عشرہ مبشرہ تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مختلف مواقع پر کئی صحابہ کرام یا طبقۂ صحابہ کا نام لے کر انہیں بہشت کی نعمتِ جاوداں کی خوش خبری سے سرفراز فرمایا ہے۔
منفرد اور اچھوتے موضوع کی حامل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اِس نئی کتاب کے پہلے باب میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عمومی فضائل بیان کیے گئے ہیں، جن سے واضح ہوتا ہے کہ جمیع صحابہ کرام آفتابِ رُشد و ہدایت اور مرحوم و مغفور اور جنتی ہیں۔ دوسرے باب میں عشرہ مبشرہ کے درجے پر فائز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں وارِد ہونے والی اَحادیث مبارکہ پیش کی گئی ہیں۔ تیسرے باب میں اِن دس (10) نجومِ ہدایت کے علاوہ دیگر 35 صحابہ کرام اور 15 صحابیات رضی اللہ عنہم کے تذکار موجود ہیں، جنہیں رسولِ مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مختلف مواقع پر ان کا نام لے کر جنت کا پروانہ عطا فرمایا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مد ظلہ العالی کی یہ شاہ کار تالیف نہ صرف مبشر صحابہ کرام اور صحابیات رضی اللہ عنہم کا تعارف کراتی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کے وہ مقدس گوشے بھی ہم پر عیاں کرتی ہے، جو قیامت تک آنے والے اَہلِ حق کے لیے ایک نمونہ ہیں۔