نعت پڑھنا، سننا اور لکھنا اللہ تعالیٰ کے ہاں مقبول ترین نیکی ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے بھی اس نیک عمل کو پسند فرمایا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نعت خوانی کے نورانی عمل سے وابستہ رہے۔ یہ کتاب آیات و احادیث مبارکہ کا ایک ایسا مجموعہ ہے جس میں پہلی بار اس موضوع پر بہ کثرت آیات و احادیث تحقیق و تخریج کے ساتھ یکجا کردی گئی ہیں۔ 6 ابواب پر مشتمل اس کتاب میں قرآن حکیم میں نعتِ مصطفی ﷺ، ذکر الٰہی کے ساتھ ذکرِ مصطفی ﷺ، نعتِ مصطفی ﷺ کی فضیلت، حضور ﷺ کا اپنی نعت کی سماعت پر اظہار مسرت فرمانا، زبان مصطفی ﷺ سے رجز خوانی اور دیگر اشعار پڑھنے کی روایات ایک منفرد اُسلوب میں درج کی گئی ہیں۔ نیز نعت خواں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعین کے باب میں ان کی فضیلت کا بیان مستند روایات کی روشنی میں اسناد کے ساتھ درج کیا گیا ہے۔