تمام دن اور مہینے اللہ رب العزت کے تخلیق کردہ ہیں۔ ان میں کوئی مہینہ، کوئی دن یا کوئی خاص وقت منحوس یا بد شگونی کا حامل نہیں، لیکن خالقِ کائنات نے جس طرح اِنسانوں کی اَنواع میں تفاوت رکھا ہے، اسی طرح زماں و مکاں کی انواع میں بھی تفاوت رکھا ہے۔ سو اُس نے بعض جگہوں کو بعض دوسری جگہوں پر عبادت اور دعا میں فضیلت دی ہے جیسے مسجد اقصیٰ، مسجد نبوی، مسجد حرام وغیرہ۔ اسی طرح اﷲ تعالیٰ نے بعض زمانوں کو بخشش اور عطا کے لئے خاص فرمایا اور انہی خاص زمانوں میں سے بعض مہینے، راتیں اور دن وہ ہیں جن میں اﷲ تبارک و تعالیٰ اپنی مخلوق پر عمومی مغفرت، جامع رحمت اور عظیم انعام و اکرام کی تجلی فرماتا ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ تالیف قرآن و حدیث اور اَقوالِ اَئمہ و سلف صالحین کے ذریعے محرم، ربیع الاول، رجب المرجب، شعبان المعظم، رمضان المبارک، شوال المعظم اور ذی الحج کی حرمت، اوصاف اور فضائل کو واضح کرتی ہے۔ اس کتاب میں مختلف دنوں، راتوں، عشروں اور لمحات کی فضیلت بھی بیان کی گئی ہے۔ دنوں میں اَیامِ عید، اَیامِ بیض، یومِ عرفہ، اَیامِ تشریق، یوم جمعہ، پیر، بدھ اور جمعرات کی فضیلت و اہمیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ دنوں کے بعد راتوں کی فضیلت بیان کرتے ہوئے شبِ میلاد، شبِ معراج، شبِ برات، لیلۃ القدر، عیدین کی راتوں اور شبِ جمعہ کی فضیلت کو بیان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لمحات میں تہجد کے اوصاف بھی تحریر کیے گئے ہیں۔ یوں یہ کتاب اپنے موضوع پر منفرد اور جامع تصنیف کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس کتاب کے درج ذیل ابواب ہیں:
🔹 ماہ محرم الحرام کی فضیلت
🔹 ماہ ربیع الاول اور شب میلاد کی فضیلت
🔹 ماہ رجب المرجب کی فضیلت
🔹 ماہ شعبان المعظم کی فضیلت
🔹 شعبان کی پندرہویں رات کی فضیلت
🔹 ماہ رمضان المبارک کی فضیلت
🔹 فضیلت قیام رمضان
🔹 اعتکاف اور رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی فضیلت
🔹 رمضان المبارک کی آخری سات (طاق) راتوں اور شب قدر کی فضیلت
🔹 ماہ شوال کی فضیلت
🔹 عیدین کی راتوں کی فضیلت
🔹 عیدین کے دنوں کی فضیلت
🔹 ماہ ذوالحجہ کی فضیلت
🔹 عرفہ کے دنوں کی فضیلت
🔹 ایام تشریق کی فضیلت
🔹 ایام بیض کے روزوں کی فضیلت
🔹 یوم جمعۃ المبارک کی فضیلت
🔹 رات کی نمازوں کی فضیلت
🔹 پیر اور جمعرات کے دنوں کی فضیلت
🔹 بدھ کے دن کی فضیلت