چراغِ مصطفوی ﷺ سے ستیزہ کار شرارِ بو لہبی مختلف اَدوار میں اپنے ناپاک مقاصد کے حصول اور باطل مفادات کے تحفظ کی خاطر مخالفت و مزاحمتِ حق کی مختلف صورتیں اختیار کرتا رہا ہے لیکن اس کی ایک صورت جو ہر دور میں جہدِ باطل میں یکساں طور پر کار فرما نظر آتی ہے ‘‘منافقت’’ ہے۔
منافقت ایسے طرز عمل کو کہتے ہیں جو قول و فعل کے تضاد سے عبارت ہو، جس میں انسان کا ظاہر باطن سے مختلف بلکہ برعکس ہو۔ ہر دور کے مفاد پرست اَفراد حق کی تحریک کو کامیابی سے ہم کنار ہوتا دیکھ کر ظاہراً اس تحریک کے ساتھ وابستہ ہو جاتے ہیں اور در پردہ اپنے باطل نظریات پر کار بند رہتے ہیں اور اس طرح حق و باطل کے ہر دو طبقات سے وابستگی کا اظہار کر کے اپنے مزعومہ مفادات کا تحفظ اور ناپاک عزائم کی تکمیل کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ مختصر کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دروسِ قرآن کا مرتبہ مجموعہ ہے جس میں ’’منافقت کی حقیقت اور اس کی علامات‘‘ پر گفتگو کی گئی ہے۔ موضوع کی اَہمیت کے پیش نظر اسے کتابی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ ہم اپنے قول و فعل کے تضاد اور ظاہر و باطن کے تخالف کا جائزہ لے کر اپنی اپنی زندگیوں میں کار فرما منافقت کے مختلف کرداروں کا محاسبہ کریں اور صدقِ دل سے تائب ہو کر صحیح معنوں میں مومنانہ زندگی کی طرف رجوع کریں۔