یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا ہر حکم شریعت اور آپ ﷺ کا ہر قول و عمل اِسلام ہے اور اس کی مخالفت کفر ہے۔ اسی لیے قرآنِ مجید میں آپ ﷺ کی نسبت یہ حکم وارد ہوا ہے: ’’اور جو کچھ رسول ( ﷺ ) تمہیں عطا فرمائیں اُسے لے لیا کرو اور جس سے تمہیں منع فرمائیں (اُس سے) رُک جایا کرو۔‘‘ (الحشر، 59 : 7)
قرآنِ حکیم کے بعد ہمارے لیے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ سرورِ کائنات ﷺ کی احادیث مقدسہ ہیں جس کے مبلغ کے لیے رحمتِ عالم ﷺ نے خصوصی دعا فرمائی ہے: ’’اللہ تعالیٰ اُس مردِ مومن کو رونق و تازگی بخشے جس نے میری حدیث سنی، پھر اسے یاد رکھا اور بعینہ اُسے آگے پہنچایا۔‘‘ (جامع ترمذی)
چنانچہ حضور نبی اکرم ﷺ کی اِس مبارک دعا کا مصداق بننے اوردنیوی و اُخروی برکات سمیٹنے کے لیے ہر دور میں اَئمہ کرام نے اپنے اپنے ذوقِ علمی اور اس دور کی ضرورت کے مطابق مختلف موضوعات پر چالیس احادیث کے مجموعے مرتب کیے ہیں۔
شیخ الااسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی دور حاضر کے عظیم محدث، مجدد اورسچے عاشقِ رسول ﷺ ہیں۔ آپ پوری اُمتِ مسلمہ کو حضور نبی اکرم ﷺ سے محبت جیسی سعادت و نعمت سے آشنا کروانا وقت کی اہم ایمانی ضرورت سمجھتے ہیں۔ آپ شب و روز اسی فکر میں لگے رہتے ہیںکہ امت کا ہر فرد حضور نبی اکرم ﷺ کے کمالاتِ معنوی اور جمالِ ظاہری سے ذہناً اور قلباً وابستہ ہو جائے۔ علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ امتیاز عطا فرمایا ہے کہ آپ نے اُمت کے ہر مرض کے اَسباب کی نہ صرف درست تشخیص کی بلکہ اس کا مناسب علاج بھی تجویز فرمایا۔ آپ نے دورِ جدید کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام و خواص دونوں کی علمی و فکری رہنمائی اور عقیدہ و عمل کی پختگی کے لیے احادیث مبارکہ سے خوب استفادہ کیا اور 100 کے قریب چھوٹے بڑے مجموعہ ہائے احادیث مرتب کیے۔ زیرِ نظر کتاب ’روزہ اور قیام اللیل کی فضیلت پر منتخب آیات و احادیث‘ میں روزہ و ماہِ رمضان کی فضیلت، نمازِ تراویح کی اہمیت اور تعداد رکعت، سحری و افطاری کی فضیلت، فضیلتِ اعتکاف اور صدقۂ فطر کی اہمیت و فضیلت پر آیات و احادیث مع اُردو ترجمہ و کامل تحقیق و تخریج اور ضروری شرح جمع کی گئی ہیں۔
فہرست
🔹 فصل 1 : ماہ رمضان المبارک کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 2 : روزے اور قیام کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 3 : نماز تراویح اور اس کی تعداد رکعات کا بیان
🔹 فصل 4 : سحری اور افطاری کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 5 : حالت روزہ میں منکرات و لغویات سے اجتناب کا بیان
🔹 فصل 6 : فضیلت اعتکاف کا بیان
🔹 فصل 7 : لیلۃ القدر کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 8 : رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں تلاش لیلۃ القدر کا بیان
🔹 فصل 9 : رمضان المبارک میں تلاوت قرآن کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 10 : صدقہ فطر کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 11 : شب عید الفطر کی فضیلت کا بیان
🔹 فصل 12 : نفلی روزوں کی فضیلت کا بیان