حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اَقدس اُمتِ مسلمہ کے ایمان کا مرکز و محور اور اَساسِ حقیقی ہے۔ اُمتِ مسلمہ کی بقا، سلامتی اور ترقی کا راز ہی اِس اَمر پر منحصر ہے کہ وہ فقط ذاتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی جملہ عقیدتوں، محبتوں اور تمناؤں کا مرکز و محور گردانے اور یہ بات قطعی طور پر جان لے کہ اِیمان اور اِسلام کا سارا سفر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نقوشِ پا کی غیر مشروط اِطاعت و اِتباع سے عبارت ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت کے اِستحکام اور غلامی کے بغیر اسے دنیا میں کوئی عزت و سرفرازی نصیب ہو سکتی ہے نہ آخرت میں سرخروئی حاصل ہوسکتی ہے۔ قرآن حکیم ہمیں بار بار اس امر کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ اِطاعتِ مصطفی ہی اِطاعتِ خدا ہے اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نافرمانی درحقیقت اللہ تعالیٰ کی نافرمانی ہے۔ اس تعلق و ربط کی اَہمیت سمجھنے کے لیے حکیم الامت کا یہ شعر اِسلامی عقائد و تعلیمات کی مکمل عکاسی کرتا ہے :
بمصطفٰی بَرساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست
اگر باُو نرسیدی تمام بو لہبی ست
اِس وقت اُمتِ مسلمہ اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے دوچار ہے۔ اُمتِ مسلمہ ایک شدید روحانی کرب اور فکری و ذہنی، سیاسی و معاشی اور مذہبی خلفشار و اِنتشار کا شکار ہے اور باطل قوتوں کے سازشی ہتھکنڈوں کے سامنے بے بس ہوکر کسی مثبت ردِّ عمل سے محروم نظر آتی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدّ ظلّہ العالی نے ایک ماہر نبّاضِ ملت ہونے کے ناطے اُمت کے اس مرض کی بھی تشخیص کی اور اپنی عالمگیر تحریک منہاج القرآن کے ذریعے اس ہمہ گیر زوال و انتشار کو عروج اور بلندی میں بدلنے کے لیے ٹھوس، قابل عمل اور نتیجہ خیز لائحہ عمل پیش کیا ہے۔ زیرِ نظر ’اَربعین‘ بھی اُمت کے اپنے ہادی و مرشد آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اِس ٹوٹے ہوئے تعلق کی بحالی کے سلسلہ کی ایک حسیں کڑی ہے۔ اِس مجموعہ حدیث میں صحابہ کرام و اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کے فضائل و مناقب پر مشتمل ایمان اَفروز اور مستند روایات بیان کی گئی ہیں جنہیں پڑھ کر بندۂ مومن کا دل محبتِ صحابہ و اہل بیت سے سرشار ہوجاتا ہے۔ دعا ہے کہ یہ مجموعۂ اَحادیث اَہلِ اِیماں کے دلوں میں اِطاعت و غلامیِ رسول کی مزید پختگی کا سبب بنے۔
فہرست
🔹 باب 1 : حضور ﷺ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مناقب
🔹 باب 2 : حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے مناقب
🔹 باب 3 : حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے مناقب
🔹 باب 4 : حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے مناقب
🔹 باب 5 : حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے مناقب
🔹 باب 6 : خلفاء راشدین رضی اللہ عنہم کے جامع مناقب
🔹 باب 7 : مہاجرین صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مناقب
🔹 باب 8 : انصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مناقب کا بیان
🔹 باب 9 : اہلِ بدر اور اہلِ حدیبیہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے مناقب
🔹 باب 10 : عشرہ مبشرہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے مناقب
🔹 باب 11 : صحابیات رضی اللہ عنہن کے مناقب
🔹 باب 12 : حضور ﷺ کے اہلِ بیت اور قرابت داروں علیہم السلام کے مناقب
🔹 باب 13 : اُمّھات المؤمنین رضی اللہ عنہن کے مناقب
🔹 باب 14 : سیدۂ کائنات فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے مناقب
🔹 باب 15 : حسنین کریمین علیہما السلام کے مناقب
🔹 باب 16 : امام محمد مہدی علیہ السلام کے مناقب