بعض لوگوں کا خیال ہے کہ تصوف و طریقت دینِ اسلام سے الگ ایک متوازی دین ہے۔ یہ خیال سراسر کم علمی اور کم فہمی بلکہ جہالت پر مبنی ہے۔ امتِ مسلمہ کی چودہ سو سالہ تاریخ میں علمِ حدیث، تفسیر اور فقہ کے کسی شعبے کے آئمہ کا ایک چھوٹا سا مکتبۂ فکر بھی تصوف اور صوفیاء یا ان کی تعلیمات کا منکر نہیں رہا۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ تصوف علمی سند کے بغیر وجود میں نہیں آیا۔ معروف اکابر صوفیا بیک وقت عالم بھی تھے اور زاہد و متقی بھی۔ طبقۂ علما کی طرح طبقۂ عرفاء و صلحاء بھی ہمیشہ سے خدمتِ دین میں پیش پیش رہا ہے بلکہ علماء سے دو قدم آگے بڑھ کر صوفیا کرام نے امتِ مسلمہ کو رشد و ہدایت، علم اور معرفتِ حق، گمراہیوں سے نجات، تطہیرِ باطن اور تہذیبِ اخلاق کا عملی درس دیا ہے۔ قول کی بجائے کردار و عمل سے ایمان اور اسلام کو درجۂ احسان تک پہنچایا اور تزکیۂ نفس اور تصفیۂ قلب و باطن کے کٹھن فرائض سرانجام دے کر خدمتِ دین کا فریضہ نبھایا ہے۔ عجیب اتفاق یہ ہوا کہ صدیوں سے ان آئمۂ تصوف پر بطور مفسر، محدث، فقیہ اور مجتہد علمی کام کما حقہ نہیں ہوسکا۔ نتیجتاً تصوف اور آئمہ تصوف کا علمی پہلو عوام و خواص کی نظروں سے اوجھل ہوتا گیا۔ اس اعتبار سے اکابر صوفیائے کرام کی علمی ثقاہت کو متعارف کروانا اہلِ علم و تحقیق کا فرض تھا لیکن اس میں کوتاہی ہوتی رہی۔ اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ صدیوں سے محقق علماء کے ذمے قرض تھا جس کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اللہ تعالیٰ کی توفیق سے مرویاتِ صوفیاء کے سلسلۂ اشاعت کے ذریعے چکایا ہے۔
زیرِ نظر کتاب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شیخ اکبر محی الدین ابن العربیؒ کی معروف کتاب ’مشکاۃ الانوار فیما روی عن النبی ﷺ عن اللہ تعالیٰ من الاخبار‘ سے اپنی مکمل سند کے ساتھ مرفوع متصل احادیث کو جمع کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس کتاب میں ابنِ العربیؒ سے صرف مرفوع متصل احادیث کو جمع کیا گیا ہے جبکہ بن العربیؒ نے اپنی کتاب میں ان مرفوع احادیث کے علاوہ بھی دیگر احادیث کثیر تعداد میں مختلف موضوعات کے تحت شامل کی ہیں۔ علاوہ ازیں کتابِ ہٰذا میں عامۃ الناس کی سہولت کے پیش نظر احادیثِ مبارکہ کو موضوع کی مناسبت سے مختلف عنوانات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ بیشتر عنوانات وہی ہیں جو ابنِ العربیؒ نے قائم کیے ہیں جبکہ کچھ عنوانات موضوع کی مناسبت سے نئے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
فہرست
🔹 دستخط : شیخ اکبر محی الدین ابن العربی رحمۃ اللہ علیہ کے دستخط
🔹 مقدمہ
🔹 الشیخ الاکبر محیي الدین ابن العربي
🔹 متصل اسانید : شیخ اکبر محی الدین ابن العربی (رح) تک مؤلف کی متصل اسانید
🔹 مرفوع متصل احادیث : شیخ اکبر ابن العربی (رح) کی مشکاۃ الانوار سے ماخوذ مرفوع متصل احادیث