اِس بزمِ ہستی میں وہ مبارک شخصیت جس میں حسنِ صورت اور حسنِ سیرت کے تمام محاسن بدرجہ اَتمّ جمع کر دیے گئے، پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سراپا، کمال درجہ حسین و متناسب، دِل کَشی و رعنائی کا حامل اور حسن و خوبی کا خزینہ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَعضاے مبارکہ کی ساخت اِس قدر مثالی اور حسنِ مناسبت کی آئینہ دار تھی کہ اُسے دیکھ کر ایک حسنِ مجسم پیکرِ اِنسانی میں ڈھلتا دکھائی دیتا تھا۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنھم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حسین سراپا کی مدح میں ہر وقت رطبُ اللّسان رہتے تھے۔ اُن کی بیان کردہ روایات سے واضح ہوتا ہے کہ حسنِ ساخت کے اِعتبار سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جسدِ اَطہر کی خوبصورتی اور رعنائی و زیبائی اپنی مثال آپ تھی۔
اِس کتاب میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اِسی حسین سراپا کو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَعضاے جسمانی کی ترتیب سے بیان کیا گیا ہے۔ اندازِ بیان سادہ اور یوں مترتب ہے کہ پڑھنے والا یہ محسوس کرے گا کہ گویا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حسین سراپا اُس کی آنکھوں کے سامنے ہے۔
کتاب کو درج ذیل ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے:
🔹 حضور نبی اکرم ﷺ کے حسین سراپا کا تذکرہ
🔹 آپ ﷺ کا حسین قد و قامت
🔹 حضور ﷺ کا رُوئے اَنور
🔹 حضور ﷺ کی رنگت مبارک
🔹 جسم اطہر کی نظافت و لطافت اور خوشبوئے عنبریں
🔹 آپ ﷺ کا سرِ اَقدس اور موئے مبارک
🔹 حضور ﷺ کی جبیں مبارک
🔹 حضور ﷺ کے مبارک ابرو
🔹 حضور ﷺ کی چشمان مقدسہ
🔹 حضور ﷺ کی بصارت مبارک
🔹 حضور ﷺ کی بینی (ناک) مبارک
🔹 حضور ﷺ کے رخسار مبارک
🔹 حضور ﷺ کے دندان مقدسہ
🔹 حضور ﷺ کی آواز مبارک
🔹 حضور ﷺ کے گوش اور سماعت مبارک
🔹 حضور ﷺ کی ڈاڑھی مبارک
🔹 حضور ﷺ کی گردن مبارک
🔹 حضور ﷺ کے مبارک شانے اور بغليں
🔹 حضور ﷺ کی کلائیاں مبارک
🔹 حضور ﷺ کے مبارک ہاتھ، ہتھیلیاں اور انگلیاں
🔹 آپ ﷺ کا سینۂ مبارک اور بطن اقدس
🔹 آپ ﷺ کے مبارک گھٹنے اور پنڈلیاں
🔹 آپ ﷺ کے قدمین مبارک