حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی کا ہر پہلو اپنے اندر اَعلیٰ معیار کی خوبصورتی لیے ہوئے ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اَخلاقِ کریمانہ اور شمائلِ مقدّسہ کے ساتھ ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذاتی خصائل اور عاداتِ مبارکہ بھی انتہائی اعلیٰ اور نفیس تھیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عاداتِ مبارکہ میں ہر وقت مسکرانا، چلنے میں تواضع اختیار فرمانا، لباس اور کھانے پینے میں نفاست اور سادگی اختیار فرمانا، ڈاڑھی مبارک و موئے اَقدس کو اِنتہائی خوبصورتی اور تراش خراش کے ساتھ سنوار کر رکھنا، خوشبو اِستعمال فرمانا وغیرہ شامل ہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حسنِ معاشرت، گھریلو اُمور کی انجام دہی، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیکرِ شرم و حیاء اور جود و سخا ہونے، نیز آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روز مرّہ کے معمولات اور عادات مبارکہ کا تذکرہ اس کتاب میں کیا گیا ہے۔
قاری ان عاداتِ مبارکہ کا مطالعہ کر کے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں اختیار کرنے کی سعی کر سکتا ہے۔